Wednesday, February 16, 2011

سیکس کا مقدمہ: برلسکونی پر فردِ جرم عائد



برلسکونی اور روبی
برلسکونی اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہیں
اطالوی وزیرِ اعظم سلویو برلسکونی کے خلاف پیسے دے کر کم عمر کی لڑکی سے سیکس کرنے اور اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے کے الزامات پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
جج کرسٹینا ڈی سینسو نے کہا کہ مقدمے کی کارروائی چھ اپریل سے شروع کی جائے گی۔ میلان میں استغاثہ نے فوری مقدمے کی درخواست کی تھی۔
برلسکونی نے کریما المحروغ عرف روبی نامی لڑکی کو جب وہ سترہ برس کی تھیں پیسے دے کر سیکس کرنے کی تردید کی ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ جب وہ لڑکی کسی اور جرم میں پکڑی گئی تو انہوں نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے اسے چھڑانے کی کوشش کی۔
انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو رد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا۔
تاہم انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ جب روبی کو چوری کے شبہ میں پکڑا گیا تو انہوں نے پولیس کو فون ضرور کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت مصر کے سابق رہنما حسنی مبارک کے لیے یہ کر رہے تھے کیونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ روبی حسنی مبارک کی رشتہ دار ہیں۔
برلسکونی کے خلاف مظاہرہ
اٹلی میں ہزاروں خواتین نے وزیرِ اعظم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے
روبی نے، جو کہ اب اٹھارہ برس کی ہو چکی ہیں، وزیرِ اعظم کے ساتھ ہم بستر ہونے کی تردید کی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک پارٹی میں وزیرِ اعظم سے سات ہزار یورو تحفے میں لیے تھے۔
اتوار کو اٹلی کے ساٹھ کے قریب مختلف شہروں اور قصبوں میں خواتین نے وزیرِ اعظم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔
جج نے کہا کہ وزیرِ اعظم برلسکونی کا فاسٹ ٹریک ٹرائل بدھ چھ اپریل کو صبح ساڑھے نو بجے میلان میں تین خواتین ججوں کی عدالت میں شروع کیا جائے گا۔
اگر برلسکونی کے خلاف جرم ثابت ہوتا ہے تو انہیں پندرہ سال تک سزا ہو سکتی ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار ڈنکن کینیڈی کے مطابق برلسکونی نے اپنے لمبے کیریئر میں اس سے بھی زیادہ سنجیدہ الزامات کا سامنا کیا ہے۔ ان کے خلاف تین دیگر مقدمات بھی ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ انہیں اپنے ذاتی کردار کی وجہ سے کسی مقدمے کا سامنا ہے۔
تاہم ارب پتی وزیرِ اعظم کے وکلاء کہتے ہیں کہ جج کے پاس ان کے خلاف مقدمہ شروع کرنے کا اختیار ہی نہیں ہے۔

No comments:

Post a Comment