Wednesday, February 9, 2011

عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں : شہبازشریف



ـ 21 گھنٹے 2 منٹ پہلے شائع کی گئی
  •  
  •  
  • Adjust Font Size
لاہور (خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہروں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کر کے عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے کے لئے استنبول میونسپلٹی سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ لاہور کی طرح صوبے کے دیگر شہروں کو بھی کوڑا کرکٹ سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔ چین کی کمپنی ہمارے شہروں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے کے منصوبوں میں تعاون کرے تو ہمیں خوشی ہو گی اور اس ضمن میں یہ منصوبے بی او ٹی کی بنیاد پر شروع کئے جا سکتے ہیں۔ چائنہ کی کمپنی شینگائی شین گونگ انوائرنمینٹل پروٹیکشن انجنیئرنگ اس ضمن میں تعاون کا جائزہ لے اور اس مقصد کے لئے منصوبے کو نہایت شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ وہ گذشتہ روز شینگائی شین گونگ انوائرنمینٹل پروٹیکشن انجنیئرنگ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین مسٹر کیان یولِن سے ملاقات کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے چین کی کمپنی کے چیئرمین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اس کی ترقی میں بھی موثر کردار ادا کیا ہے۔ پنجاب حکومت شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے اور حال ہی میں ان کے دورہ ترکی کے دوران استنبول میونسپلٹی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مابین اس ضمن میں معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں اور اس معاہدے پر عملدرآمد کے لئے ترکی کے ماہرین لاہور پہنچ چکے ہیں۔ استنبول صاف ستھرا شہر ہے اور وہ تاریخی شہر لاہور کو بھی صاف ستھرا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے چینی کمپنی کے چیئرمین کی جانب سے گڈ گورننس‘ سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے لئے تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپیرنسی اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی ہماری پالیسی ہے۔ چین کی کمپنی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتی ہے اور وہ گوجرانوالہ‘ راولپنڈی‘ ملتان‘ فیصل آباد اور دیگر شہروں میں اس حوالے سے منصوبے شروع کرسکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ چینی کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ مل بیٹھ کر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے بات چیت کریں اور اس مقصد کے لئے سفارشات مرتب کریں۔ قبل ازیں چیئرمین مسٹر کیان یو لن نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے لئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں اور وہ پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

No comments:

Post a Comment