وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے حج اسکینڈل میں شامل زیر تفتیش افراد کے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہے۔
ایف آئی اے نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی اور وزیر مملکت شگفتہ جمانی سمیت چودہ افراد کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات قومی رجسٹریشن اتھارٹی یعنی نادرا سے طلب کرلی ہیں۔
نادرا کے ریکارڈ کے مطابق حامد سعید کاظمی کے پانچ، وزیر مملکت برائے مذہبی امور شگفتہ جمانی کے آٹھ، سابق ڈی جی حج راؤ شکیل احمد کے دو، زین افتخار سوکھیرا کے چار اور عبداللہ محمود کھوکھر کے تیئس اکاؤنٹس ہیں۔
اسی طرح چودھری محمد ظہیر، رضا محمد، نسیم اقبال، محمد اشرف جمالی جو سعودی عرب میں رہائش پذیر ہیں ان کا ایک، بحراللہ ہزارو، سیکریٹری مذہبی امور سرور رضا قزلباش اور آفتاب اسلام راجہ کا ایک ایک اکاؤنٹ ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ افراد اور شخصیات کا کسی نہ کسی طرح سے حج کے معاملات سے تعلق ہے، وہ اس بات کی تحقیق کر رہے ہیں کہ ان اکاؤنٹس میں کتنی اور کہاں سے رقومات کی منتقلی ہوئی ہے۔
یہ اکاؤنٹس اسلام آباد، لاہور، کراچی اور ملتان کے مختلف بینکوں میں کھولے گئے ہیں جن میں سرکاری اور نجی بینک شامل ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے ان بینکوں کی انتظامیہ کو لیٹر کے ذریعے رقومات کی منتقلی کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نےحج انتظامات میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی سے متعلق میڈیا پر آنے والی خبروں پر از خودنوٹس لیا تھا اور اس کی سماعت کے لیے ایک پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔
ایف آئی اے نے اس حوالے سے ایک ایف آئی آر بھی درج کی ہے، جس میں کہا گیا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی ریوو کمیٹی کی ہدایت پر کی گئی ابتدائی رپورٹ میں ثابت ہوا ہے کہ سابق ڈی جی حج راؤ شکیل احمد نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔
انہوں نے محمد شفیع اور دیگر کی معاونت سے سعودی عرب میں حاجیوں کی رہائش کے لیے مہنگے داموں ستاسی عمارتیں کرائے پر حاصل کیں، جن کے لیے تیس سے پچاس فیصد پیشگی ادائیگی کی گئی جبکہ پندرہ فیصد ادائیگی کی جاتی ہے۔ اس طرح کیبنٹ ڈویزن اور وزارت مذہبی امور کی ہدایت کی خلاف ورزی کی گئی۔
یاد رہے کہ حج اسکینڈل کے بعد مذہبی امور کے وفاقی وزیر سعید کاظمی اور اس کی نشاندھی کرنے والے وفاقی وزیر اعظم سواتی کو ہٹادیا گیا تھا۔ اعظم سواتی کی برطرفی پر جمیعت علما اسلام فضل الرحمان نے حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
سابق ڈی جی حج راؤ شکیل احمد اس وقت وفاقی تحقیقاتی ادارے کی حراست میں ہیں۔
No comments:
Post a Comment